اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں واقع سیدہ بی بی زینب کے مزار پر ہفتے کو ہوئے ہلاکت خیز حملوں کی مذمت کی ہے۔
بان کی مون نے ہفتے کی شام جاری ہونے والے ایک بیان میں شام میں مقامی مبصرین کی اطلاعات کےحوالے سے کہا کہ کئی خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری ہلاک جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔
انہوں نے اسے "انتہائی بہیمانہ" دہشت گرد حملہ قرار دیا جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔
اقوام متحدہ
کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عام شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔
پیغمبر اسلام کی نواسی سیدہ بی بی زینب کے مزار پر ہوئے دو دھماکوں میں کم ازکم 12 افراد ہلاک جبکہ کئی دوسرے زخمی ہوئے۔
شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک خود کش حملہ آور نے مزار کے مرکزی دروازے پر دھماکا کیا اوراس کے بعد ایک کاربم دھماکا ہوا۔ جس علاقے میں یہ دھماکے ہوئے وہاں سیکورٹی انتہائی چوکس ہوتی ہے۔
بعض اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 بتائی گئی ہے۔